پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی کنول شوذب کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

65

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی کنول شوذب نے کہا ہے کہ گزشتہ 40 سالوں کے دوران ملک میں بہت کچھ بدل گیا لیکن ن لیگ کی سیاست اور ان کی اداروں پر حملوں کی روایت نہیں بدلی، 1997ءمیں نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا اور اب 21 برس بعد نیب کے دفتر پر منظم طریقے سے حملہ کیا گیا جو کہ افسوسناک واقعہ ہے، اپوزیشن جماعتیں سارا ڈرامہ این آر او لینے کیلئے کر رہی ہیں جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں ممکن نہیں ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن وہاں پر عوام اب بھی بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم ہیں، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کراچی کو سندھ کا حصہ سمجھتے ہی نہیں ہیں، کراچی کے لوگوں کو پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے، وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے تمام آئینی آپشنز پر غور کرے گی۔ کنول شوذب نے کہا کہ مریم نواز ضمانت پر گھر آئی ہوئی ہیں، نیب نے بدعنوانی کیسز سے متعلق جب انہیں پیشی پر بلایا تو لیگی کارکنان گاڑیوں میں اپنے ساتھ پتھر لیکر آئے، کارکنان نے پہلے پتھراﺅ کیا اور پولیس نے جوابی کارروائی کی، تحقیقات ہوں گی تو سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان سمیت پوری کابینہ کی حمایت حاصل ہے، وہ پنجاب کی بہتری کیلئے میرٹ پر کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے نواز شریف کی سیاست ختم کر دی ہے۔