اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے پاکستان میں مصر کے سفیر طارق ڈہرورو نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر مصر کی توانائی کمپنی تاکا کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ …
معاون خصوصی ندیم بابر سے مصر کے سفیر طارق ڈہرورو کی وفد کے ہمراہ ملاقات، مصری کمپنی کا توانائی کے شعبہ، قابل تجدید توانائی سے متعلق منصوبوں، ایل این جی، سی این جی اور گیس کی تقسیم کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے پاکستان میں مصر کے سفیر طارق ڈہرورو نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر مصر کی توانائی کمپنی تاکا کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کی نگرانی خود وزیراعظم پاکستان کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کلین اینڈ گرین انرجی کے بارے میں پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے انرجی مکس کو قومی گرڈ میں مزید ہائیڈل اور قابل تجدید ذرائع سے پیداوار کے ذریعے متنوع شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قابل تجدید توانائی کے حصول کو 2025ءتک 20 فیصد اور 2030ءتک 30 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ مصری کمپنی نے توانائی کے شعبہ میں بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن اور تقسیم، قابل تجدید توانائی سے متعلق منصوبوں کے ساتھ ساتھ ملک کے ایل این جی، سی این جی اور گیس کی تقسیم کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے توانائی کے شعبہ پر جامع بریفنگ پر معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں کمپنی کی سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سفیر نے امید ظاہر کی کہ مصر اور پاکستان کے مابین جی ٹو جی تعلقات توانائی کے شعبے میں قائم ہوں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مزید تقویت ملے۔







