پاکستان کی جانب سے پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کے نام نہاد "چارج شیٹ” یکسر مسترد ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے نام نہاد "چارج شیٹ" کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش ہے، نام نہاد "چارج شیٹ" بی …

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے نام نہاد "چارج شیٹ” کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی ناکام کوشش ہے، نام نہاد "چارج شیٹ” بی جے پی حکومت کی پاکستان مخالف بیان بازی اور انکی تنگ نظری و انتہا پسندی پر مبنی سیاسی مفادات کا حصہ ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے پہلے دن ہی بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا تھا اور کسی قابل عمل معلومات کی بنیاد پر تعاون بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا لیکن بھارت تاحال کوئی قابل اعتماد ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کے بجائے حملے کو پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم کے لئے استعمال کرتا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پلوامہ حملہ ایسے وقت ہوا جبکہ بھارت میں لوک سبھا انتخابات میں محض دو ماہ باقی تھے، اور یہ کہ حملے میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد مقبوضہ کشمیر کے اندر سے حاصل کیا گیا تھا ، اور حملے میں ملوث اہم ملزم پہلے ہی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں ،یہ حقائق بہت سارے سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا بخوبی جانتی ہے کہ پلوامہ حملے سے کس نے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا اور انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔تتجمان نے کہا یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوجی طیارے نے 26 فروری 2019 کو پاکستان کے خلاف جارحیت کی تھی جس کا پاک فضائیہ نے بھر پور جواب دیتے ہوئے دو ہندوستانی جنگی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتارکیاگیا۔ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود بعد ازاں بھارتی پائلٹ کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے جواب میں ، پاکستان نے جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطح کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی لیکن ہندوستان کی فراہم کردہ معلومات نامکمل ، پیچیدہ اور بے بنیاد تھیں ،بھارت سے مزید معلومات طلب کی گئیں لیکن پھر بھی بھارت اپنے بے بنیاد الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے بے بنیاد پروپیگنڈے سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی،مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلا ف ورزیوں اور بھارت کے اندر معاملات سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو بھارت کے جعلی "فلیگ آپریشن” کے اور ممکنہ غلط مہم جوئی کے بارے میں آگاہ کرتا رہا ہے۔اب جب کہ بھارت میں ریاستی انتخابات قریب آ رہے ہیں ،آر ایس ایس اور بی جے پی ایک بار پھر انتخابی فوائد کے لئے پاکستان کارڈ دوبارہ استعمال کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ ترجمان نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ عالمی برادری خطے میں امن و سلامتی کے لئے اس کے خطرناک نتائج سے آگاہ رہے۔