ملتان ۔29 اگست (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے شر پسند عناصر کے عزائم خاک میں ملیں گے۔ ملتان کا امن مثالی ہے میں نویں محرم میں ممتاز آباد کے مرکزی جلوس میں موجود ہوں ۔ جلوس میں اہل سنت اور اہل تشیع کی مشترکہ عزاداری جاری ہے۔ امام حسین اور شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔شہداءکی یاد …
اپوزیشن نے قومی اسمبلی میںایف اے ٹی ایف بل کی حمایت کی،سینیٹ میں مخالفت کردی، ۔وزیرخارجہ کی ممتازآباد میں میڈیا سے بات چیت
ملتان ۔29 اگست (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے شر پسند عناصر کے عزائم خاک میں ملیں گے۔ ملتان کا امن مثالی ہے میں نویں محرم میں ممتاز آباد کے مرکزی جلوس میں موجود ہوں ۔ جلوس میں اہل سنت اور اہل تشیع کی مشترکہ عزاداری جاری ہے۔ امام حسین اور شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔شہداءکی یاد میں لنگر و نیاز اور سبلیں لگائی گئی ہیں۔ ایام محرم میں انتظامیہ نے بہترین انتظامات کئے۔پولیس اور انتظامیہ دفاتر میں نہیںبلکہ عزاءداروں کی حفاظت کیلئے سڑکوں پر کھڑے ہیں۔ میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔دعا ہے ایام محرم امن و امان سے گزر جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا مذہبی آزادی کا دعویٰ جھوٹا ہے۔مذہبی آزادی بھی انسانی حقوق کے زمرے میں آتی ہے۔ دنیا بھر میں عزاداری کی جارہی ہے۔لیکن کشمیر میں عزاداری پر پابندی ہے۔کشمیر میں عزاداری روکنے کے لئے لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ عزاداروں سے التماس ہے۔ خطابات میں اہل کشمیر پر جاری ظلم بھی بیان کریں۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں بھارت نے پوری کوشش کی کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں دھکیلے لیکن وہ اپنی کوششوں میں ناکام رہا۔ ہماری حکومت میں ایف اے ٹی ایف پر مختصر وقت میں بہت بڑا کام کیا۔ ایف اے ٹی ایف بلز اپوزیشن کی مشاورت سے پاس ہوئے۔ اپوزیشن نے بلز کو قومی اسمبلی میں ووٹ دیا اور سینیٹ میں مخالفت کی۔ایساکیوں ہوا یہ سمجھ سے بالاترہے۔ یہ بل حکومت کی نہیں پاکستان کی ضرورت ہے اور اسی کے نتیجے میں بھارتی عزائم ناکام ہوںگے اورپاکستان گرے لسٹ سے باہرآئے گا۔کراچی کے حالات پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کراچی کے حالات پر تشویش ہے۔ کراچی میں منصوبہ بندی کا فقدان سامنے آیا۔اگر بارشوں ‘ سیلاب ودیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے ہوتے تو اہلیان کراچی کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ کراچی کے حالات کی اصل ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے وفاق تعاون کریگا۔انہو ں نے کہا کہ آبی ذخائر میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے ملک میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔بلوچستان میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔وفاقی حکومت بلوچستان حکومت سے بھر پور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ملتان کا سیوریج سسٹم آبادی کو کور کرنے کیلئے ناکافی ہے۔ ملتان کی بہت سی آبادیاں سیوریج سسٹم سے منسلک نہیں۔ ہم نے ملتان کے سیوریج سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے جاپانی ایجنسی جائیکا اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور کروائے ہیں جو کہ ملتان کی سیوریج نظام کی آئندہ 30سال کی ضرورت کو پورا کریگا۔ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کے لئے گئے آج انکی صحت ٹھیک دکھائی دیتی ہے۔نواز شریف اپنا وعدہ پورا کریں اور وطن واپس آئیں۔شہباز شریف میاں صاحب کی واپسی کے گارنٹر ہیں۔وہ بھی دی گئی گارنٹی کے مطابق نواز شریف کو وطن واپس لائیں ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ممتاز آباد کے مرکز ی جلو س کے روٹس کا معائنہ کیا ۔ اور انتظامیہ و پولیس کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی ودیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہو ں نے جلو س کے لائسنس دار سید قمر حسنین نقوی ودیگر ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے مرکزی جلوس میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی ‘ چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل ‘ رانا عبدالجبار ‘ عمران گردیزی ‘ شیخ طاہر ‘ شیخ مظہر عباس ‘ رانا افضل‘ مسعود مغل ودیگر افراد موجود تھے۔









