وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری سے جاپان کے سفیر کونی نوری متسودا کی ملاقات ، تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں بات چیت

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری سے جاپان کے سفیر کونی نوری متسودا نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں اہم بات چیت کی گئی۔ترجمان وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں تین روزہ جاب فیئر …

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری سے جاپان کے سفیر کونی نوری متسودا نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں اہم بات چیت کی گئی۔ترجمان وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں تین روزہ جاب فیئر کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔جاپان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصی طور پر پاکستانی تربیت یافتہ نوجوانان کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ ہم اعلیٰ ہنر مند افراد کے لیے ویزاکا آغاز کیا ہے۔پاکستان میں آئی ٹی کی تربیت یافتہ افرادی قوت اس ویزے کے تحت اپلائی کر سکتی ہے۔ اس ویزا کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو ویزا لینے میں آسانی ہوگی۔ کرونا وائرس کو کامیابی سے قابو پانے پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جاپانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سب سے پہلے صدر جاپان کی صحت کے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کا پیغام جاپان میں بہت خوش آئند سمجھا گیا ۔ جاپان کے صدر نے بھی اس کا اظہار اپنی ٹویٹ میں کیا۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ وہ آپ کی نیک تمنائیں وزیراعظم عمران خان تک پہنچائیں گے ۔ زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے۔پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی۔ کورونا کی وجہ سے ہنر مند افراد کو جاپان بھیجنے میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔جاپان میں افرادی قوت بھیجنا میری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کویت اور سعودی عرب میں سینکڑوں نرسنگ سٹاف بھیج رہا ہے۔ فوری طور پر 4000 نرسنگ سٹاف جاپان بھی بھیج سکتے ہیں۔ حکومتی سرپرستی میں تین روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے۔ جاپانی کمپنیز پاکستان میں جاب فیئر میں حصہ لیں۔