اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) وفاقی درس گاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی کو فروغ دینے کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقا د کرے گا،اس مقصد کیلئے ایف بی آر اور وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے درمیان ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے معاہدے پر بدھ کویہاں دستخط ہوگئے۔ایف بی آر نے یہ اقدام وزیر …
وفاقی درس گاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی کو فروغ دینے کے لئے تربیتی سیشنز کے انعقاد کیلئے ایف بی آر اور وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے درمیان معاہدے پر دستخط
اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) وفاقی درس گاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی کو فروغ دینے کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقا د کرے گا،اس مقصد کیلئے ایف بی آر اور وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے درمیان ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے معاہدے پر بدھ کویہاں دستخط ہوگئے۔ایف بی آر نے یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کے ملک بھر میں ٹیکس نظام کو ترویج دینے کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے اٹھایا ہے ۔ وزارت وفاقی تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت میں ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزیر شفقت محمود ، چیئر مین ایف بی آر و سیکرٹری ریو نیو ڈویژن محمد جاوید غنی، پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وجیہہ اکرم، سیکرٹری وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ فرح حامد خان، ممبر فیٹ ایف بی آر بختیار محمد اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ محی الدین وانی نے شرکت کی۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی ای ضیاءبتول اور ایف بی آر کی طرف سے چیف فیٹ عائشہ فاروق نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت ایف بی آر وفاقی درس گاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی کو فروغ دینے کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقاد کرے گا۔ معاہدے کے تحت تربیتی سیشنز کے دوران اساتذہ اور طلبہ کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ٹیکس کی ملکی ترقی میں اہمیت، ٹیکس ادا کرنے اور ٹیکس چوری کی نشاندھی جیسے اھم موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ آج کے طالب علم کل کے ذمہ دار شہری ہونے کا کردار ادا کر سکیں۔ ایف بی آر دو لاکھ بیس ہزار طلبہ اور سات ہزار پانچ سو اساتذہ کو ٹیکس سے متعلقہ نصاب ، تربیتی سیشنز اور سیمینارز کے ذریعے تربیت فراہم کرے گا۔یہ معاہدہ تین سال کے لئے قابل عمل رہے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے نئی نسل میں ٹیکس سے متعلق آگاہی پھیلانے کی اس کوشش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر اسی طرز پر تمام صوبوں کے ساتھ بھی ان تربیتی سیشنز کا انعقاد کرےگا۔ چئیرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر ٹیکس کلچر کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے اور ملک بھر میں ٹیکس سے متعلق آگاہی سیشنز اور سیمینار کرانے کو عملی جامہ پہنا رہا ہے تاکہ عوام کو ٹیکس کے بارے میں مزید آگاہی اور شعور دیا جا سکے۔ ان اقدامات کی بدولت ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھانے اور ریونیو میں اضافہ ممکن ہو گا۔









