جنرل راحیل شریف کا مسلح افواج کے سربراہان کی کانفرنس سے خطاب

112

راولپنڈی ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ایک روزہ سرکاری دورہ پر پیر کو جرمنی پہنچ گئے جہاں وہ امریکہ کی سنٹرل کمان کے تحت مسلح افواج کے سربراہوں کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس میں میزبان امریکی سنٹرل کمان کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل، پاکستان، افغانستان، قزاخستان، جمہوریہ کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی مسلح افواج کے سربراہان کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے شرکاءنے فوجی تعاون میں اضافہ کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے مسائل سے موثر طور پر نمٹا جا سکے اور دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے خطہ کی سیکورٹی کی صورتحال، مشترکہ مسائل اور ان کے حل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جامع کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی جانوں اور مالی ضیاع کے حوالہ سے دہشت گردی سے سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے حوالہ سے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں، مالی معاونین اور ان کے ہمدردوں کے خلاف ملک بھر میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی معاونت سے دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو شکست دی گئی ہے اور ان کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔