وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا چیپٹر ختم ہو گیا ہے، اپوزیشن جماعتیں اسمبلیوں سے استعفی دیں گی اور نہ ہی دھرنا یا عدم اعتماد لائیں گی، یہ ٹی وی پر صرف جلسہ جلسہ اور جلوس جلوس کھیلیں گی، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں، حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری …

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا چیپٹر ختم ہو گیا ہے، اپوزیشن جماعتیں اسمبلیوں سے استعفی دیں گی اور نہ ہی دھرنا یا عدم اعتماد لائیں گی، یہ ٹی وی پر صرف جلسہ جلسہ اور جلوس جلوس کھیلیں گی، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں، حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم اور مفرور ہیں،اس کے باوجود انہیں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں تقریر کرنے کی اجازت دینے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف نے نریندر مودی کو خوش کرنے کیلئے اپنی تقریر میں ڈان لیکس کا بیانیہ دیا ہے، نواز شریف کی تقریر سے بھارتی میڈیا خوش ہوا ہے اور اس نے اخبارات میں ان کی تقریر کو لیڈ سٹوری کے طور پر لگایا ہے کہ نواز شریف نے فوج پر حملہ کر کے سیاست میں واپسی کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی اداروں کے خلاف تقریر سے ن لیگ کے اندر ہلچل ہے اور اس میں دراڑیں پڑیں گی، نواز شریف نے قومی اداروں پر وار کر کے نہ صرف اپنی سیاست کو دفن کر دیا ہے بلکہ شہباز شریف کیلئے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر سے واضح ہو گیا کہ انہوں نے اپنی سیاست کو الگ کر لیا ہے اور جنوری سے پہلے ’ن ‘ سے ’ش‘ لیگ نکل جائے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر اس وقت جمہوری پراسیس رُکا تو اپوزیشن جماعتیں 10 یا 20 سال تک جمہوریت کا منہ دیکھنے کیلئے ترسیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کے اثرات ضرور ہوتے ہیں لیکن حکومت کو اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمان استعفوں پر زور دے رہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی کبھی سندھ حکومت نہیں چھوڑے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، سی پیک گیم چینجر ہے، کورونا بحران کے دوران بھارت کی معیشت زوال کا شکار ہے اور بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک سال تک خاموش رہے کہ شاید انہیں این آر او مل جائے لیکن وزیراعظم ثابت قدمی کے ساتھ اپنے موقف پر کھڑے رہے کہ کسی بھی قیمت پر بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ کے انتخابات ہیں، اپوزیشن جماعتیں سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی اکثریت کو روکنے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔