اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی اور اس حوالے سے آئندہ چند روز میں برطانوی حکومت اور ہائی کمیشن سے رابطہ کرے گی، تین مرتبہ ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے والا شخص خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، نواز شریف کا …
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی اور اس حوالے سے آئندہ چند روز میں برطانوی حکومت اور ہائی کمیشن سے رابطہ کرے گی، تین مرتبہ ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے والا شخص خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، نواز شریف کا لندن کے پرتعیش ماحول میں بیٹھ کر عوام کی پریشانیوں کا ذکر کرنا مضحکہ خیز ہے، نواز شریف کو الطاف حسین بننے کا شوق ہے تو بنیں، چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ سابق وزیراعظم لندن میں سیاسی پناہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا ذکر تک نہیں کیا گیا کیونکہ یہ حکومت کیلئے اہمیت نہیں رکھتی، اپوزیشن کی چارٹر آف ڈیمانڈز منفی ہیں، ان میں عوام کے مسائل کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کا سارا شو فلاپ ہو گیا ہے، نواز شریف کی تقریر سے ان کی سیاست کو نقصان پہنچا ہے اور وہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں، شہباز شریف اور دیگر ن لیگی رہنما بتائیں کہ کیا وہ نواز شریف کی قومی اداروں کے خلاف تقریر سے متفق ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کے حوالے سے 7 ارب روپے کے بانڈز بطور ضمانت دینے کو کہا تھا تاہم عدالتی فیصلہ آنے کے بعد حکومت نے اس کا احترام کرتے ہوئے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، حکومت انہیں وطن واپس لانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی اور اس حوالے سے آئندہ چند روز میں برطانوی حکومت اور ہائی کمیشن سے رابطہ کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کس مقصد کیلئے لندن گئے تھے سب کو معلوم ہے، قانون سے مفرور اور اشتہاری شخص کے منہ سے پاکستان کی سیاست پر لیکچر دینا اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی قیادت نے اپنے دور حکومت کے دوران ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچایا اور قومی اداروں کو تباہ کیا، جب یہ لوگ اقتدار میں نہیں ہوتے تو نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کرتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ تین دفعہ وزیراعظم منتخب ہونے والے شخص میں اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کرے نہ کہ قومی اداروں پر تنقید کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے قائدین کو بدعنوانی کیسز سے بچانے اور این آر او کے حصول کیلئے حکومت کو دھمکیاں دے رہی ہیں، استعفی دینا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ حکومت ناکام ہو گئی ہے اور یہ حکومت گرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر چکی ہیں لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اٹھایا تو اس کے بعد اپوزیشن نے دھرنا دے دیا جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران آیا تو اپوزیشن خوش ہوئی کہ ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی، لاشوں کے ڈھیر نکلیں گے اور حکومت چلی جائے گی لیکن وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کامیاب رہی اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان نے مہلک وبا کو شکست دی۔








