اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی): معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز اور چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں تین روزہ”انٹیرئیرز پاکستان“ میگا نمائش کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کے لئےمقامی فرنیچر سازی کے شعبے کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ پی ایف …
حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کے لئے مقامی فرنیچر سازی کے شعبے کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی، عثمان ڈار
اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی): معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز اور چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے سیالکوٹ میں تین روزہ”انٹیرئیرز پاکستان“ میگا نمائش کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کے لئےمقامی فرنیچر سازی کے شعبے کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ پی ایف سی کے زیر اہتمام دستور ایونٹ کمپلیکس سیالکوٹ میں تین روزہ 12 ویں ”انٹیرئیرز پاکستان“ میگا نمائش کے اختتام پر خطاب میں انہوں نے کامیاب نمائش پر کونسل سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فرنیچر کی صنعت کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ ملکی فرنیچر کی صنعت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور فرنیچر سیکٹر کے لئے ڈیوٹی سٹرکچر کو بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اس صنعت کے کارکن بڑے ماہر اور با صلاحیت ہیں اور اگر ان کہ استعداد کا صحیح استعمال کیا جائے تو پاکستان فرنیچر کا بہترین برآمد کنندہ ملک بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحت مند علامت ہے کہ بہت سے نوجوان انٹیریئر ڈیزائنرز نے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے نمائش میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور ہنر کو بروئے کار لانے کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرے گی۔ اس سے نوجوانوں کو قومی ترقی اور خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ وزیر اعظم کے مشیر نے بعد ازاں نمائش کے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور ڈسپلے کی گئی اشیائ، کاریگری، معیار اور ڈیزائنوں کو سراہا۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر کو یقین دہانی کرائی کہ ملک کی تاجر برادری اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد اور معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لئے حکومت کو مکمل مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی فرنیچر برانڈز کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کر رہی ہے۔ پاکستان اچھے برانڈز تیار کرکے امریکہ اور یورپ کو فرنیچر کی برآمد میں اضافہ کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت رکھتا ہے اس لئے بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافہ کیلئے مصنوعات کی برانڈنگ پر توجہ دینی چاہئے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے سربراہ نے کہا کہ چنیوٹ میں تیار کردہ فرنیچر مقامی طلب کا 80 فیصد سے زیادہ پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری کی صنعت کو شامل کرکے یہ شعبہ تقریبا 50 ہزار افراد کو روزگار دے رہا ہے اور اگر مقامی صنعت کو وسعت دی جائے تو روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ میاں کاشف نے کہا کہ حکومت نئے کاروبار کے آغاز کے لئے نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کرے اور ان لوگوں کو ترجیح دی جائے جو فرنیچر کے شعبہ میں کاروبار کے آغاز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔









