سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم کشمیری رہنما تھے، ان کی حیات کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے پختہ عزم سے عبارت تھی، صدر آصف علی زرداری کا سید علی شاہ گیلانی کی 5 ویں برسی کے موقع پر پیغام

سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم کشمیری رہنما تھے، ان کی حیات کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے پختہ عزم سے عبارت تھی، صدر آصف علی زرداری کا سید علی شاہ گیلانی کی 5 ویں برسی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔یکم ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم سید علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم کشمیری رہنما تھے جن کی حیات جرات، ثابت قدمی اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے پختہ عزم سے عبارت تھی۔ ممتاز کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی 5 ویں برسی کے موقع پر ایوان صدر کےپریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پوری زندگی جموں و کشمیر کے عوام کی جائز امنگوں کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔ طویل قید، نظر بندی اور بے پناہ ذاتی مشکلات و مصائب کے باوجود وہ اپنے نظریات پر ثابت قدمی سے قائم اور انصاف، وقار اور آزادی کی شمع روشن رکھنے کے لیے اپنے پختہ عزم پر ڈٹے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ثابت قدمی اور اخلاقی جرات آج بھی کشمیریوں کی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ان کے مشہور الفاظ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“، پاکستان کے ساتھ ان کی گہری جذباتی اور سیاسی وابستگی اور کشمیری عوام کی جائز امنگوں پر ان کے پختہ یقین کی علامت بن گئے۔ یہ الفاظ آج بھی ان کے عزم و جدوجہد سے متاثر ہونے والوں کے دلوں میں گونجتے ہیں اور ان کے یقین کا ایک طاقتور اظہار ہیں،اس موقع پر ہم سید علی شاہ گیلانی کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ جرات، وقار اور ثابت قدمی پر مبنی ان کی میراث انصاف اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے جائز حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

 

مزید خبریں