سیّد علی شاہ گیلانی کی زندگی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی، جابرانہ اور ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی قابلِ فخر علامت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حریت رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر پیغام

سیّد علی شاہ گیلانی کی زندگی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی، جابرانہ اور ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی قابلِ فخر علامت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حریت رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔یکم ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حریت رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کو مدبرانہ، دلیرانہ اور کشمیر کے لئے پُر عزم قیادت اور پاکستان سے ان کی بے لوث محبت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی، جابرانہ اور ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی قابلِ فخر علامت ہے،پاکستان تجدید عزم کرتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے کُل جماعتی حریت کانفرنس کے بانی رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان حریت رہنما سیّد علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کی مدبرانہ، دلیرانہ اور کشمیر کے لئے پُر عزم قیادت اور بالخصوص پاکستان سے ان کی بے لوث محبت پر ان کو دِلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا سیّد علی شاہ گیلانی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور امنگوں کے تحفظ، آزاد سیاسی مستقبل اور الحاق پاکستان کے عظیم مقاصد کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی۔ مقبوضہ کشمیر کے نامساعد حالات اور ریاستی جبر کے سامنے ان کی بے لوث اور بے مثل جدوجہد نے کشمیریوں کی رَگوں میں مسئلہ کشمیر کو تازہ رکھا، ان کی زندگی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی، جابرانہ اور ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی قابلِ فخر علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیّد علی گیلانی کی پاکستان سے گہری اور والہانہ محبت اور ان کے دل افروز کلمات "ہم پاکستانی ہیں- پاکستان ہمارا ہے” پاکستان اور کشمیر کے دِلی اور روحانی رشتہ کے آئینہ دار ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سیّد علی گیلانی نے دنیا کے ایوانوں میں ناقابلِ فراموش اور توانا آواز کے طور پر زندہ رکھا،ان کو ایک باوقار اور مقبول کشمیری رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو کشمیریوں کی مزاحمت، عزم و حوصلہ اور استقامت کا لازوال استعارہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی کی جستجو اور سیاسی میراث بلاشبہ آنے والی نسلوں کو اپنی شناخت اور حقوق سے روشناس کراتی ہے، دہائیوں پر محیط سیاسی انتقامی کارروائیوں، قید و بند اور ریاستی جبر کے باوجود مسئلہ کشمیر سے غیر متزلزل وابستگی اس میراث کی اساس ہے،سید علی شاہ گیلانی کی جرأت اور قیادت کو عقیدت و سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ہم بے شمار کشمیریوں کی راہِ حق میں بے مثال قربانیاں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تجدید عزم کرتا ہے کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن یقینی طور پر جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ، پُرامن، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل میں مُضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ان کے جائز اور منصفانہ حق کے لئے تمام متعلقہ عالمی فورمز پر اپنی بھر پور آواز بلند کرتا رہے گا،ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی سیّد علی شاہ گیلانی کو اپنی جوارِ رحمت میں بلند درجات عطاء فرمائے۔ آمین۔

مزید خبریں