پشاور۔4اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے اتوار کے روز پی کے 77 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کی ترقی پورے صوبہ کی ترقی ہے اسی سوچ کو لے کر صوبائی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ٹرانسپورٹ، نکاسی آب، صاف پانی، سیکیورٹی، صحت مندانہ ماحول کی فراہمی سمیت کئی اہم پراجیکٹس پشاور کے …
آئندہ بھی ہماری حکومت آئے گی ،معاون خصوصی برائے اطلاعات
پشاور۔4اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے اتوار کے روز پی کے 77 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کی ترقی پورے صوبہ کی ترقی ہے اسی سوچ کو لے کر صوبائی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ٹرانسپورٹ، نکاسی آب، صاف پانی، سیکیورٹی، صحت مندانہ ماحول کی فراہمی سمیت کئی اہم پراجیکٹس پشاور کے باسیوں کے لیے شروع کئے گئے ہیں جس سے بہت جلد پشاور کی قسمت بدل جائے گی۔قبل ازیں حلقہ نیابت پہنچنے پر عوام نے معاون خصوصی کامران بنگش کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور صوبائی حکومت کے حق میں نعرے بازی کی۔عوامی اجتماع سے اپنے خطاب میں معاون وزیراعلی کامران بنگش نے کہا کہ ہم تنقید اور تنقیص میں فرق جانتے ہیں تنقید کو ہم نے ویلکم کیا ہے جبکہ تنقیص ہوتے رہتے ہیں جس کا مقصد عوام کو ترقی سے دور رکھنا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ صوبے کے کسی بھی حلقے میں جائیں جتنے ترقیاتی کام پی کے 77میں ہو رہے ہیں اتنے زیادہ کہیں پر بھی نہیں ہو رہے کیونکہ میں دن رات ترقیاتی پراجیکٹس کے پیچھے لگا ہوں تاکہ عوام کے لیے کچھ کر سکوں۔ کامران بنگش نے کہا کہ میں ایک عام آدمی ہوں، عوام کے ساتھ میرا جینا مرنا ہے پراپیگنڈا کرنے والے سن لیں کہ ترقی دشمن عناصر کو ناکامی ہوگی۔معاون اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے ترقی دشمن عناصر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک ٹولہ عوامی ترقی میں روڑے اٹکارہا ہے، شکست مقدر ہوگی۔ ترقی دشمن عناصر کو عوام جان لیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں بھی عوام نے ہمیں منتخب کیا، 2018میں اس سے بھی زیادہ اعتماد کیا گیا کیونکہ عوام کا اعتماد روز بروز پاکستان تحریک انصاف پر بڑھ رہا ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے عوامی حکومت بلیک میل نہیں ہوگی۔معاون خصوصی کامران بنگش نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی اور وزیراعظم کی قیادت میں نوجوان پر امید ہیں، پہلی دفعہ نوجوان قیادت کو اسمبلیوں میں نمائندگی کے لئے بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والوں کو ہزیمت اٹھانی پڑے گی، آئندہ بھی ہماری حکومت آئے گی کیونکہ لوٹ مار ایسوسی ایشن کو این آر او نہیں ملے گا۔









