اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سالانہ وظیفہ 18800 روپے سے 19338 روپے تک بڑھانے کی منظوری دےدی ہے۔ سالانہ وظیفہ گذشتہ سال کے دوران کنزیومر پرائس انڈیکس میں اضافہ کی بنیاد پر بڑھایا گیا ہے۔ جمعرات کو وزارت خزانہ سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے بی آئی ایس پی پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے وظیفہ میں اضافہ کے حوالہ سے وزیراعظم کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے مہنگائی کے اثرات کا مقابلہ کر سکیں گے۔ 4834 روپے فی کس کی اضافی شرح سے سہ ماہی وظیفہ یکم جولائی 2016ءسے موثر ہو گا۔ اس سلسلہ میں واجبات اگلی قسط کے ساتھ ادا کئے جائیں گے۔ فنانس ڈویژن نے بی آئی ایس پی کو سہ ماہی وظیفہ اضافہ شدہ شرح سے ادا کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے انتہائی پسماندہ اور غریب طبقات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، اس مقصد کیلئے بی آئی ایس پی کیلئے سالانہ فنڈ 40 ارب سے بڑھا کر 115 ارب روپے کر دیئے گئے ہیں۔