حکومت ملک میں قانون کی رٹ کو قائم رکھنے کیلئے نواز شریف کو واپس لانے کیلئے ہر حد تک جائے گی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر جو ہلڑبازی کی پوری قوم لعن طعن کر رہی ہے، سندھ حکومت نے اصل واقعہ کو چھپانے کیلئے ان کی گرفتاری کا ڈرامہ رچایا، سندھ حکومت اور کورکمانڈر کراچی نے آئی جی سندھ کے اغوا کے حوالے سے کمیٹیاں بنا دی ہیں، رپورٹ آنے کے بعد ساری …

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر جو ہلڑبازی کی پوری قوم لعن طعن کر رہی ہے، سندھ حکومت نے اصل واقعہ کو چھپانے کیلئے ان کی گرفتاری کا ڈرامہ رچایا، سندھ حکومت اور کورکمانڈر کراچی نے آئی جی سندھ کے اغوا کے حوالے سے کمیٹیاں بنا دی ہیں، رپورٹ آنے کے بعد ساری تفصیلات سامنے آ جائیں گی، موجودہ حکومت کو نواز شریف کے بیانیے میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کا بیانیہ ملک مخالف ہے اور وہ سزا یافتہ مجرم ہیں، حکومت ملک میں قانون کی رٹ کو قائم رکھنے کیلئے نواز شریف کو واپس لانے کیلئے ہر حد تک جائے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ پولیس کو اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتی ہے اسی لئے سندھ حکومت کے ماضی میں آئی جیز کے ساتھ ایشوز کی تاریخ ہے، سندھ حکومت سے کراچی واقعہ کا معاملہ ہینڈل نہیں ہوا بلکہ اس نے اسے الجھا دیا۔شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر قومی اداروں، جمہوریت، عوام اور ملکی معیشت کے دشمن بنے ہوئے ہیں، وہ لندن میں جس گھر میں رہ رہے ہیں اس پر سوال ہیں اور انہوں نے ابھی تک نہیں بتایا کہ یہ اثاثے کیسے بنائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن انہوں نے خود ثابت کر دیا کہ وہ پیشہ ور فراڈیے ہیں، یہ طے کر کے گئے تھے کہ رپورٹس بھیجیں گے لیکن ابھی تک انہوں نے کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائیِ حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ان کی لڑائی بدعنوان ٹولے سے ہے جنہوں نے لوٹ کھسوٹ کر کے ملک کو اس حالت تک پہنچایا ہے، اداروں کو تباہ کیا، موجودہ حکومت اداروں کو ٹھیک کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ 2018ءمیں زیادہ تر ادارے بغیر کسی سربراہ کے تھے، موجودہ حکومت نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں اہل افراد کی تقرریاں کیں، سابقہ حکومتوں نے اداروں میں میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کر کے جو گندگی پیدا کی اس کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور حکومت کے دوران نوٹ کو عزت دی، اقتدار سے باہر ہونے کے بعد ووٹ کو عزت دینے کی بات کر رہے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے وہ عوامی مینڈیٹ ہے، وہ جائز ہے اور باقی سب غلط ہے یہ کہاں کا پیمانہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قائدین کی سوچ اور نظریات مختلف ہیں، یہ لوگ صرف حکومت کو دبائومیں لانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کسی کے دبائومیں آئے ہیں اور نہ آئیں گے، بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی ایک دم نہیں آتی یہ ایک عمل ہے جو چل پڑا ہے، موجودہ حکومت نے انتہائی قلیل وقت میں جو کامیابیاں حاصل کیں اسے عوام کے ساتھ شیئر کریں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف ممالک کے ساتھ دوستانہ کلچر کو فروغ دیا تاکہ وہ پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کر سکیں جبکہ نواز شریف کے بیانیے سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا امیج خراب ہو رہا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے خلاف اس طرح کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو دیئے گئے اشتہارات کے حوالے سے ویب سائٹ کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا ہے، میڈیا مالکان کو تمام تر بقایاجات ادا کر دیے ہیں۔