سابق حکمرانوں کے روپے کو اوور ویلیو رکھنے کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ‘ ہمایوں اختر

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) والے اداروں کی مخالفت بھی کرتے ہیں اور بوقت ضرورت ان کے پاس بھی پہنچ جاتے ہیں،یہ کہنا درست نہیں کہ معاشی سرگرمیاں روک کر کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم کیاہے، عالمی ادارے تسلیم کررہے ہیں کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وباکے دوران انسانی جانوں …

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) والے اداروں کی مخالفت بھی کرتے ہیں اور بوقت ضرورت ان کے پاس بھی پہنچ جاتے ہیں،یہ کہنا درست نہیں کہ معاشی سرگرمیاں روک کر کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم کیاہے، عالمی ادارے تسلیم کررہے ہیں کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وباکے دوران انسانی جانوں کے ساتھ اپنی معیشت کوبھی منفی اثرات سے بچایا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے پارٹی رہنمائوں اور صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اخترخان نے کہاکہ جب آپ آئی ایم ایف سے کچھ مانگتے ہیں تو اس کا سٹینڈرڈفارمولہ ہے کہ سب سے پہلے کرنسی جسے اوور ویلیو رکھا گیا ہے اسے اپنی جگہ پر لائیں ۔ سابق حکمرانوں نے روپے کو اوور ویلیو رکھنے کیلئے جو”تجربہ کاری “ دکھائی تھی اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ، اس سے درآمدات مہنگی ہوتی ہیں اورمہنگائی بڑھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود کو نیچے لایاگیا ہے جس سے مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ ہو گی جس سے معیشت کو ترقی اورروزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نواز شریف کا اصولی موقف یہ ہے کہ ان کی خواہش کے مطابق پاک فوج جو واحد مضبوط قومی ادارہ ہے وہ پنجاب پولیس اور آئی ایس سپیشل برانچ بن جائے اور ان کے تابعدار افسران ان اداروں کو چلائیں،نواز شریف کا امیر المومنین بننے کاشوق بہت پرانا ہے، یہ اداروں کی مخالفت بھی کرتے ہیں اوربوقت ضرورت اداروں کے پاس بھی پہنچ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کی جمہوریت کی انتہا دیکھیں کہ اب اپنی ہی اگلی نسل کومتعارف کرایا جارہا ہے جو ملک وقوم کی قسمت کے فیصلے کریں گے۔