مکہ۔29اکتوبر (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے سفری ضوابط مقرر کیے ہیں۔ بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ کو وزارت صحت کی جانب سے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔ عرب نیوزکے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں بیرون ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کے سفری ضوابط کا اعلان کرتے ہوئے بس کمپنیوں کے مالکان سے سے کہا گیا ہے کہ 5 برس سے زیادہ پرانی کوئی بھی بس عمرہ زائرین کو لانے لے جانے کے لیے استعمال نہ کی جائے۔ عمرہ زائرین کی ہر بس خود کار نگرانی کے نظام سے آراستہ ہونی چاہیے۔ تمام ٹرانسپورٹ کارکنان کو حفاظتی تدابیر کی تربیت دی جائے اوربسوں میں سینیٹائزر فراہم کیے جائیں۔ کسی بھی بس میں اس کی پچاس فیصد سے زیادہ گنجائش نہ استعمال کی جائے۔