اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے انسدادکیلئے معیاری طریقہ کار (ایس اوپیز) کے اطلاق میں شہری حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایئں ۔ ہفتہ کوسماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں انہوں نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر اور معیاری طریقہ کار (ایس اوپیز) کی خلاف وزریوں کے تناظرمیں نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) نے حفاظتی اقدامات کے اطلاق میں شہریوں سے مددلینے کافیصلہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ شہری جہاں بھی پرہجوم مقامات پرماسک اورسماجی دوری کی خلاف ورزی دیکھے توموبائل فون سے اس کی تصویر لیکرلوکیشن کے ہمراہ وہ 03353336262 پر ارسال کرے۔ انہوں نے کہاکہ معیاری طریقہ کارپرعمل درآمد کے ذریعہ سے ہم پہلی لہر کی طرح کورونا وائرس کی دوسری لہرکوشکست دے سکتے ہیں۔ اسدعمر نے کہاکہ کورونا وائرس کے انسدادکیلئے معیاری طریقہ کار (ایس اوپیز) کے اطلاق میں تمام شہریوں کو حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانا چاہئیے۔