24.7 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںسابق حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر اپنے بچوں کے اکائونٹس...

سابق حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر اپنے بچوں کے اکائونٹس میں منتقل کئے،وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو معاف نہیں کریں گے،وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور

- Advertisement -

کھرمنگ۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی گزشتہ 50 سال سے باریاں لیتی آئی ہیں، دونوں جماعتوں نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو دھوکہ دیا، کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لوگوں کی قربانیوں کو دیکھتے ہوئے اسے عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کیا، سابق حکمرانوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر اپنے بچوں کے اکائونٹس میں منتقل کئے اور وہ کھربوں پتی بن گئے، عوام نے 2018ءعام انتخابات میں بدعنوان عناصر کو مسترد کیا، امید ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ بھی انہیں مسترد کریں گے، وزیراعظم عمران خان قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ کبھی لوٹ مار کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، آج کل ملک بھر میں پی ڈی ایم کے نام سے ایک ڈرامہ چلایا جا رہا ہے، پی ڈی ایم پاکستان ڈکیت موومنٹ ہے، آج اگر ہم نے ایک قوم بن کر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اتوار کو کھرمنگ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے خود جنگ لڑ کر اس خطے کو آزاد کروایا اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے جس پر میں آپ لوگوں اور آپ کے آبائواجداد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے رہنما آج کل گلگت بلتستان میں گھوم رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ آپ لوگوں کی محرومیاں دور کریں گے، یہ دونوں جماعتیں گزشتہ کئی دہائیوں سے حکومتیں کرتی آئی ہیں لیکن انہوں نے مسائل حل نہیں کئے، الٹا عوام کا پیسہ لوٹ کر آصف علی زرداری اور نواز شریف خود اور ان کے بچے کھربوں پتی بن گئے اسلئے عوام کی طرف سے انہیں مسترد کیا گیا، امید ہے کہ آپ لوگ گلگت بلتستان میں بھی بدعنوان عناصر کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے کے بعد اپوزیشن رہنمائوں نے اب قومی اداروں پر حملے شروع کر دیئے ہیں، جو لوگ ہمارے اداروں کے دشمن ہیں وہ پاکستان کے دشمن ہیں، بدعنوان ٹولہ چاہتا ہے کہ انہیں معاف کر دیا جائے لیکن وزیراعظم عمران خان نہ صرف بدعنوان عناصر کو سزائیں دلائیں گے بلکہ ان سے لوٹی ہوئی قومی دولت بھی بازیاب کرائیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دل میں قوم کا درد ہے، 2013ءمیں جب خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اقتدار میں آئی تو ہم نے غریب اور مستحق لوگوں کو 7 ارب روپے تک علاج کرانے کی سہولت دینے کیلئے انہیں صحت کارڈ فراہم کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ذات کیلئے نہیں قوم کے بچوں کے مستقبل کے بارے سوچتے ہیں، انہوں نے وزیراعظم بننے سے قبل کینسر ہسپتال بنوایا جہاں پر ہر سال لاکھوں کی تعداد میں غریب لوگوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، اسی طرح نمل یونیورسٹی بنوائی جس میں غریب اور مستحق لوگوں کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم عمران خان کی شکل میں بہادر اور جرات مند لیڈر ملا ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں کہا کہ حضور کی شان میں گستاخی کو ہم برداشت نہیں کریں گے، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے دنیا کو باور کرایا کہ مسئلہ حل کر دو، اگر دو ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ ہوئی تو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مدینہ کی فلاحی ریاست کا تصور دیا، اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ایک کو تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔\

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں