پشاور۔09 نومبر(اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کو پشاور جلسہ کی مکمل اجازت ہے،اپوزیشن کو کسی نے نہیں روکاہر کوئی جلسہ کرسکتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیر کے روز چیئرمین چائناپاکستان اقتصادی راہداری کمیٹی وممبرقومی اسمبلی ارباب شیرعلی خان کی رہائشگاہ پر21نومبرکو رشکئی اکنامک زون افتتاح کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعدمیڈیاکوبریفنگ دیتے ہوئے کیا۔وزیردفاع پرویزخٹک نے کہاکہ وہ جہانگیر ترین کے حوالے سے کہنا کچھ اور چاہ رہے تھے لیکن ان کے منہ سے کچھ اور نکل گیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ میں کہنا چاہ رہا تھا کہ عمران خان مجھ سمیت کرپشن پر کسی کو نہیں چھوڑتے، جہانگیر ترین سے معذرت خواہ ہوں۔پرویزخٹک نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے مریم نواسے متعلق جوکچھ کہاہے کہ وہ ایک ردعمل ہے اپوزیشن اراکین اکثروبیشتر وزیراعظم پرذاتی بالخصوص ان کی اہلیہ پرنکتہ چینی کرتے ہیں جب اپوزیشن اراکین اس طرح کرینگے توعلی امین جیسے وزراء یقینی طور پر جواب دینگے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم جلسوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی انکے جلسوں کا واحدمقصد اپنے بدعنوانی کے متعلق کیسوں سے چھٹکاراپاناہے اگرانکے کیسزختم ہوجائیں تووہ کبھی بھی جلسے نہیں کرینگے صوبائی حکومت سے بات کی ہے اپوزیشن کے جلسوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی کوروناکو پاکستانی عوام سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں ۔