آئی ٹی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘،وفاقی وزیر سید امین الحق

153

لاہور۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات سید امین الحق نے کہا ہے کہ آئی ٹی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘بہت جلد پاکستان میں سمارٹ فون کی تیاری شروع ہو جائے گی‘ آئی ٹی کی جدید سہولیات کی فراہمی کےلئے 5.1 ارب روپے مختص کئے ہیں“ 5جی ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام جاری ہے کوشش ہے کہ جلد 5 جی کی نیلامی کی جائے‘یوتھ پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے‘وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے تحت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے‘برآمدات میں اضافہ کےلئے دن رات کوشاں ہیں‘کورونا وبا کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ کیا‘ ٹیکس اصلاحات میں بہتری لانے کیلئے وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل درآمد کےلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور کے مقا می ہو ٹل میں”میٹ اپ ود آئی ٹی انڈسٹری “کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ یوتھ پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے‘پاکستان کا شمار چند ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں یوتھ کی ایک بڑی تعدا د موجود ہے‘انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے یونیورسل سروسز فنڈ قائم کیا جارہا ہے‘ملک کے دور دراز علاقوں میں 5 ارب روپے کی لاگت سے صارفین کو تھری جی اور فورجی کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں‘انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ملک کا دوسرا آئی ٹی فارم قائم کیا جا رہا ہے، بہت جلد پاکستان میں سمارٹ فون کی تیاری شروع ہو جائے گی‘حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں‘ہر ماہ 1.4 ملین لوگ 4 جی پر منتقل ہو رہے ہیں‘حکومت 5جی ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہی ہے‘کوشش ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ہی 5 جی کی نیلامی کی جائے‘ وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام ٹیلی کام کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ صارفین کو نیٹ کی بہترین کوالٹی مہیا کریں‘وزارت آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے دن رات کوشاں ہے۔سید امین الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے تحت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے ، معیار زندگی اور مقامی برآمدات میں بہتری ، ہونہار نوجوانوں کی تربیت اور آئی ٹی سیکٹر پالیسی پر عمل درآمد کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے شرکا کو بتایا کہ وزارت آئی ٹی نے سندھ ، بلوچستان ، کے پی اور گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں میں 3 اور 4 جی کنکشن اور براڈ بینڈ سہولت جیسی آئی ٹی سہولیات کی بہتری اور فراہمی کے لئے بجٹ میں 5.1 ارب روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں آئی ٹی کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں ، ایک ماہ قبل گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا جس کی پوری مالی اعانت آئی ٹی وزارت نے کی‘گلگت بلتستان میں 2 جی کے 62 ٹاورز کو 3 جی اور 4 جی کے 92 ٹاورز میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے نہ صرف سیاحت کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ یہ مقامی لوگوں کے لئے بھی مددگار ثابت ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے برآمدات میں 24 فیصد اضافہ کیا ہے،2018-19ءمیں اس انڈسٹری کی برآمدات995 ملین امریکی ڈالر سے جون 2020 میں 1.23 بلین امریکی ڈالر تک اضافہ کیا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے نصاب کو اپ گریڈ کرنے اور اسے جدید دور کی ضروریات کے مطابق مرتب کرنے کی ضروت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی سیکٹر میں ٹیکس اصلاحات لانے کے معاملات پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل درآمد کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی وزارت کسی بھی پابندی کے خلاف ہے جو ملکی ترقی کے عمل میں رکاوٹ ہے۔ بعدازاں ارفعہ کریم ٹاور میں نیشنل انیشی ایٹو فار آرٹیفشل انٹلیجنس (این آئی اے آئی ایس) کے زیر اہتمام سرٹیفکیٹس تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے کہا کہ آئی ٹی کاشعبہ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘معیشت کی گروتھ میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ‘انہوں نے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس پورے پاکستان میں بنائیں گے، گزشتہ دو سالوں میں یونیورسل سروسز فنڈز کے ذریعے پاکستان کے دیہی علاقوں میں اربوں روپے آئی ٹی بجٹ رکھا گیا ‘ اسی طر ح دیہی علاقوں میں تھری جی اور فور جی کو بہتر کرنے کے لیے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں ‘انہوں نے کہاکہ فری لانس کے حوالے سے پاکستان چوتھا بڑا ملک ہے ‘ہم نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اپ لفٹ اورپرائم منسٹر ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مسائل کو حل کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا لاک ڈاون کے بعد تمام برآمدات نیچے جا رہی تھیں ‘تاہم حکو مت نے بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے رواں برس 24 فیصد آئی ٹی برآمدات کو بڑھایا ہے‘انہوں نے مزید کہاکہ کورونا سمارٹ لاک ڈاﺅن کے حکومت فیصلے کو پوری دنیا میں سراہا گیا جس سے نہ صرف وبا کو کنٹرول کیا گیا بلکہ ملکی معیشت کو بڑے نقصان سے بھی بچایا گیا۔