کورونا کی دوسری لہر کو شکست دینے کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرور ہے،پی ٹی آئی گلگت بلتستان انتخابات میں کلین سویپ کرے گی،معاون خصوصی سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلائو کو روکنے کیلئے فیس ماسک پہنیں، عوامی اجتماعات سے گریز کریں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سیاسی جلسوں میں زیادہ تر لوگ فیس ماسک کے بغیر ہوتے ہیں اور …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلائو کو روکنے کیلئے فیس ماسک پہنیں، عوامی اجتماعات سے گریز کریں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سیاسی جلسوں میں زیادہ تر لوگ فیس ماسک کے بغیر ہوتے ہیں اور وہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی کورونا ایس او پیز کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں، کورونا وائرس کی دوسری لہر کو شکست دینے کیلئے ہمیں اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی چھوٹے شہروں کے مقابلے میں بڑے شہروں میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گلگت بلتستان انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے جو پی ٹی آئی کی جیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر صحافی جو گلگت بلتستان کا دورہ کر کے آئے ہیں بھی پی ٹی آئی کے انتخابات میں جیتنے کی پیشنگوئی کر رہے ہیں، بدعنوان اپوزیشن دھاندلی کا الزام لگا رہی ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث رہے جس کی وجہ سے وہ عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں اور گلگت بلتستان انتخابات میں دونوں جماعتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔