اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر توانائی عمر ایوب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سی پیک کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے افغانستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کاوشوں کو سراہا۔ خیبر پختونخوا میں عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی اہمیت کے باعث اقتصادی سرگرمیوں کا حب سمجھا جاتا ہے اور خیبر پختونخوا ان سرگرمیوں کا حب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تحت افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی سے پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے تحت خیبر پختونخوا میں رشکئی اکنامک زون پروجیکٹ کی تکمیل پورے ملک بالخصوص خیبر پختونخوا کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی قبل از وقت تکمیل سے لوگوں کو روزگار کے بے پناہ مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہش ہے کہ رشکئی اکنامک زون کا منصوبہ جلد مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو توانائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ صنعتی سرگرمیوں کا بھرپور طریقے سے آغاز ہو سکے۔