اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):کوویڈ۔19 ویکسین کی دستیابی کے باوجود عالمی وبا کے معاشی نقصانات جلد ختم نہیں ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی رپورٹ میں عالمی برادری کو خبر دار کیا گیا ہے کہ کوویڈ۔19 کی ویکسین کی دستیابی وبا کے معاشی نقصانات کو کم نہیں کر سکےگی۔ وبا کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصانات طویل عرصہ تک جاری رہنے کا خدشہ ہے اور بالخصوص غریب اور پسماندہ ممالک کی معیشتیں زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں۔ یو این سی ٹی اے ڈی کی "امپیکٹ آف کوویڈ۔19پینڈیمک آن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ” رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے دوران کووڈ۔19 کی وبا سے بین الاقوامی معیشت میں 4.3 فیصد سکڑائو متوقع ہے۔ عالمی ادارہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھرکے مزید 130 ملین افراد انتہائی غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے بین الاقوامی ادارے کو خبر دار کیا ہے کہ اگر فی الفور پالیسی ایکشن نہ لیا گیا تو اقوام متحدہ کا پائیدار ترقی کا ایجنڈا 2030 بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔ تجارتی بحالی اور وبا کے نقصانات کو کم کرنے کےلئے تجارتی پالیسیوں پر نظر ثانی کےساتھ ساتھ ماحولیات کے شعبہ پر بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ یو این سی ٹی اے ڈی نے بین الاقوامی برادری کو خبر دار کیا ہے کہ کوویڈ۔19 کے معاشی نقصانات کو کم کرنے کے لئے عالمی سطح پر مربوط اقدامات کئے جائیں تاکہ کروڑوں انسانوں کو غربت سے بچانے کے ساتھ ساتھ معاشی بحالی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔