اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کی صحت اور جانوں کو محفوظ بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، کورونا وباکی دوسری لہر انسانی جانوں کے لئے نہایت خطرناک ہے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنے ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بدعنوانی کے مقدمات سے نجات کے لئے حکمران جماعت پر دبائو ڈالنے کے لئے عوامی اجتماعات کا انعقاد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کو مسترد کر دیا، ملتان میں بھی اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ جلسے کو عوام ایک بار پھر مسترد کردیں گے۔ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے سے گریزاں ہیں۔