اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ اسٹیڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا البتہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کی معاشی اور کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے پالیسیوں کی دنیا معترف ہے، پوری دنیا …
اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہے،یہ لوگ ڈیل کرنا چاہتے ہیں جو وزیراعظم کبھی نہیں کریں گے، ہمیں بحیثیت قوم مل کر وبا کامقابلہ کرنا ہو گا،سینیٹر فیصل جاوید

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین سینیٹ اسٹیڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا البتہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کی معاشی اور کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے پالیسیوں کی دنیا معترف ہے، پوری دنیا میں اپوزیشن تعمیری کردار ادا کرتی ہے، یہ عجیب اپوزیشن ہے جو ہر وقت اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ بچانے میں مصروف رہتی ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کوئی تحریک نہیں، کرپشن بچانے کی مہم اور ابھرتی ہوئی معیشت پر حملہ ہے، پی ڈی ایم کی ساری سرگرمیوں کا مقصد ڈیل کرنا ہے جو وزیراعظم عمران خان کسی صورت نہیں کریں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، یہ لوگ صرف کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں، اگر انہیں عوام کی فکر ہوتی تو یہ بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنانے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر کیسز نہیں بنائے، سارے کیسز انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف بنائے، مریم نواز لندن فلیٹس کی بینی فشری آنر نکلی ہیں اور اس سلسلے میں عدالت کا فیصلہ بھی آ چکا ہے، موجودہ حکومت کی اداروں کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں ہے لیکن وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ احتساب کا عمل تیز ہو تاکہ بدعنوانی کیسز جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین کو ڈیل کی عادت پڑی ہوئی ہے، ماضی میں بھی یہ لوگ سابق جنرل ر مشرف سے این آر او لیکر بیرون ممالک بھاگ گئے تھے، اب بھی یہ لوگ ڈیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کبھی بدعنوان عناصر کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات سمیت عوامی مفادات کے حوالے سے قانونی سازی اور کورونا وبا کو قابو پانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، اپوزیشن اپنے بدعنوان قائدین کے کیسز معاف کرانا چاہتی ہے اور اس پر وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت ہر شعبے میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہے، سترہ سال بعد تین ماہ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ سرپلس ہو رہا ہے جو کہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، بڑی صنعتیں فروغ پا رہی ہیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن صرف عوام کی جانوں اور ابھرتی ہوئی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہیں جلسوں سے سیاسی طور پر بھی فائدے کی بجائے نقصان ہو رہا ہے، ان کے اپنے لوگ ان کے خلاف ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے، پشاور جلسہ کے بعد کورونا کیسز کی شرح 21 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور ہسپتالوں پر بھی دبائو بڑھ رہا ہے، حکومت کیلئے ہر جگہ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا مشکل ہے، ہمیں بحیثیت قوم مل کر وبا کا مقابلہ کرنا ہو گا اسلئے عوام کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔








