اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عدالت عالیہ کے احکامات کے باوجود پی ڈی ایم ملتان جلسہ ،اپوزیشن توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے ، پی ڈی ایم جلسہ منتظمین اور شامل ہونے والے قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہے ، آئندہ بھی جو عدالتی احکامات اور این سی او سی سفارشات پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کر یگا اس کے خلاف ایسے ہی کارروائی کی جائے گی ، کورونا وائرس کی دوسری جان لیوا لہر کے باعث ملک بھر میں جلسے جلوسوں پر پابندی عائد ہے، پی ڈی ایم اب لاہور جلسہ کی باتیں کر رہی ہے انھیں لاہور جلسے سے نہیں روکیں گے لیکن ان کے خلاف قانونی کارروائی ضرور ہوگی ،نواز شریف ،شہباز شریف اور مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کی قیادت کی پوری کی پوری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے ، ان لوگوں نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا ۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرات وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطا ن کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور این سی او سی کی سفارشات کی روشنی میں ملک بھر میں جلسے جلوسوں پر پابندی عائد ہے تا کہ کورونا وائرس اجتماعات کے ذریعے نہ پھیلے اس کے باوجود اپوزیشن نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ملتان میں دوسرا جلسہ کیا ہے ، ملتان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، 25لاکھ کی آبادی کے علاقے سے صرف چند ہزار افراد کی شرکت اور سندھ سے لائے گئے 3 ہزار افراد کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ پشاور کے بعد ملتان کے عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کر دیا ہے ، ملتان پی ڈی ایم کے جلسے میں غریب عوام کی بات نہیں کی گئی ، پی ڈی ایم والوں نے زہر آلود زبان استعمال کی ، یہ لوگ ذاتی مفا د اور اپنے خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی دولت کے تحفظ کے لئے ایسے ناٹک کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی حکومت اس سے گھبرانے والی نہیں ہے ، پی ٹی آئی نے اتنے بڑے جلسے کیے ہیں جس کا ریکارڈ آج تک نہیں ٹوٹ سکا ۔ انہو ں نے کہا کہ ذاتی مفاد میں اتنا اندھا نہیں ہونا چاہیے کہ عوام کی جانوں کا تحفظ بھول جائیں ، کئی ممالک میں تو کورونا وائرس کے پھیلائو پر کرفیو اور مکمل لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا ہے لیکن ہماری اپوزیشن ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر اسی طرح کورونا بچائو ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرتی رہی تو کورونا وائرس کا پھیلائو مزید بڑھ جائے گا ، نام نہاد سیاستدانوں کی لاکھوں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں پی ڈی ایم جلسہ کے منتظمین اور اس میں شریک قائدین پر مقدمات درج کئے جائیں گے کیونکہ جوبھی قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملکی معیشت ، روزگاری کی بحالی کے سفر کو روکنے اور ہسپتالوں پر دبائو ڈال کر اپنے ذاتی مفادات کا حصول چاہتی ہے لیکن انھیں کوئی بھی ریلیف نہیں ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے ، مریم نواز نے کبھی زندگی میں سچ نہیں بولا ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو کیا ضرورت تھی کہ وہ ہارڈ ٹاک شو میں جاکر اپنی بھی بے عزتی کراتے اور نواز شریف کو مجرم کہنے پر مجبور ہوتے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسن کے حصول کی حکمت عملی ، طریقہ کار ، افادیت ، تحفظ کی سطح اور سیفٹی سمیت 7 نکات پر مشتمل طریقہ کار کابینہ کے سامنے رکھا گیا کابینہ نے اس کی اصولی منظوری دیدی ہے ، ویکسین کے حصول کے لئے مختلف کمپنیاں شارٹ لسٹ کی گئی ہیں ،ویکسین کے حصول کا عمل شفاف بنانے کے لئے کابینہ کی سب کمیٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ ، ویکسین کے حصول کے لئے ایک سے زائد ذرائع استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔