اولمپک کھیلوں کے اضافی اخراجات کا بڑا حصہ ممکنہ طور پر ٹوکیو کو برداشت کرنا ہو گا

120

ٹوکیو ۔5دسمبر (اے پی پی):آئندہ سال منعقد ہونے والے اولمپکس اور پیراولمپکس کے اضافی اخراجات کا سب سے بڑا حصہ متوقع طور پر ٹوکیو بلدیہ عظمیٰ کی حکومت کو ادا کرنا پڑے گا۔اضافی اخراجات، ٹوکیو بلدیہ عظمیٰ، مرکزی حکومت اور کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے مشترکہ طور پر ادا کرنا ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق تخمینہ ہے کہ اضافی اخراجات کی لاگت 3 سو ارب ین یا لگ بھگ 2.9 ارب ڈالر ہو گی۔ ان کھیلوں کو آئندہ سال تک ملتوی کرنے اور کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات سے متعلقہ اخراجات بھی اسی میں شامل ہیں۔جہاں تک کھیل ملتوی ہونے کے اخراجات کا تعلق ہے، امکان ہے کہ اس مد میں منتظم کمیٹی لگ بھگ ایک ارب 6 کروڑ ڈالر، بلدیہ عظمیٰ تقریباً 77 کروڑ ڈالر اور مرکزی حکومت لگ بھگ 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کرے گی۔کورونا کے انسدادی اقدامات سے متعلقہ اخراجات کی مد میں ممکنہ طور پر مرکزی حکومت لگ بھگ 53 کروڑ ڈالر اور بلدیہ عظمیٰ کی حکومت 38 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا بوجھ برداشت کرے گی۔ اس مد میں ممکنہ طور پر منتظم کمیٹی پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔مجموعی طور پر تقریباً 1 ارب 15 کروڑ ڈالر بلدیہ عظمیٰ کو، لگ بھگ 1 ارب 6 کروڑ ڈالر منتظم کمیٹی کو اور تقریباً 67 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مرکزی حکومت کو ادا کرنے ہوں گے۔