ماضی میں حکمرانی کرنے والے سلیکٹڈ خاندانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ملک پیچھے چلا گیا،وزیراعظم عمران خان حکومت نہیں ملک بچانے کی بات کر رہے ہیں ،وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی میں سلیکٹڈ خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے، ان کی لوٹ کھسوٹ اور بدانتطامی کی وجہ سے ملک پیچھے چلا گیا، وزیراعظم عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد بدعنوان عناصر کے خلاف ہے، وزیراعظم حکومت نہیں بلکہ ملک بچانے کی بات کر رہے ہیں اور وہ کسی قیمت پر ان کی بلیک میلنگ میں …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی میں سلیکٹڈ خاندان ملک پر حکمرانی کر رہے تھے، ان کی لوٹ کھسوٹ اور بدانتطامی کی وجہ سے ملک پیچھے چلا گیا، وزیراعظم عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد بدعنوان عناصر کے خلاف ہے، وزیراعظم حکومت نہیں بلکہ ملک بچانے کی بات کر رہے ہیں اور وہ کسی قیمت پر ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، اس وقت کورونا کی دوسری لہر اپوزیشن کے استعفوں سے بڑا ایشو ہے، اپوزیشن غیرذمہ داری اور خودغرضی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف حکومت ڈھائی سال میں تباہ حال معیشت کو ٹھیک سمت کی طرف لے آئی ہے، کورونا بحران کی مشکلات کے باوجود معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، برآمدات بڑھ رہی ہیں، بیرونی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر ریکارڈ پر ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کی خواہاں ہے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان عناصر کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کرنے اور انہیں بدعنوانی مقدمات سے ریلیف دلوانے کیلئے کورونا وبا کے باوجود جلسے جلسوں کا ڈرامہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران ملک کی معاشی اور سماجی تباہی کے ذمہ دار ہیں، ان لوگوں کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ حکومت پر کسی نہ کسی طرح سے دبائو ڈال کر ریلیف لیا جائے، ان کی ساری تحریک کا مقصد ہی ذاتی مفادات کا تحفظ کرنا ہے اور کچھ نہیں، یہ لوگ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ ہر چیز پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن وہ بدعنوان عناصر کو کرپشن مقدمات سے ریلیف نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی اخلاقی بنیاد تھی جبکہ اپوزیشن کے پاس جلسے کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، 2018ءانتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پیٹیشنز مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے زیادہ تھیں، 30 سے 50 ایسے حلقے تھے جس میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے کم مارجن سے شکست کھائی، اپوزیشن نے اسمبلی کو چلنے نہیں دیا، یہ لوگ صرف بدعنوان رہنمائوں کے پروڈکشن آرڈر لیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر کو کامیابی کے ساتھ ہینڈل کیا تھا، دوسری لہر کے دوران اپوزیشن خود غرضی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے لوگوں کی صحت اور معیشت کو خطرہ ہے۔