پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے افغانستان میں تشدد میں کمی اور جنگ بندی چاہتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طالبان وفد سے بات چیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

53

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے افغانستان میں تشدد میں کمی اور جنگ بندی چاہتا ہے۔بدھ کو یہاں طالبان وفد سے بات چیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کی ذمہ داری تمام فریقین پر عائد ہوتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مذاکرات کے دوران طالبان کے وفد نے امن کے لئے اپنی خواہش اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ طالبان کا وفد پاکستان میں قیام کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور عسکری قیادت سے بھی ملاقات کر ے گا ۔ طالبان وفد نے افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔وزیر خارجہ نے پرتشدد تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ نے نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان اور خطے پر بھی اثرات مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان فریقوں کے لئے یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ معاملات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان فریقوں کے مابین مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ماہ کی پانچ تاریخ کو ہوگاتاہم ابھی بات چیت کے مقام کا فیصلہ ہونا باقی ہے کیونکہ اس سلسلے میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔وزیر خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے افغان مہاجرین کو ان کے آبائی وطن واپسی میں مدد ملے گی۔