اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام میں پولیس صف اول کادستہ ہے، اسلام آباد کے تھانوں میں شہریوں کو عزت ملے گی، تین ناکوں کے سوا تمام ناکے ختم کئے جلائیں گے، پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، اکاموڈیشن کے لئے جگہ فراہم کریں گے،شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ الیکشن سے دھاندلی اور ووٹ فروخت ہونے کا مسئلہ حل ہو جائےگا۔جمعرات کو پولیس لائنز کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ و زیر اعظم کو اسلام آباد پولیس کی پاسنگ آئوٹ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ کم ہے، تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے گا۔ پولیس کو اکاموڈیشن کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی۔ 800 کنال اراضی فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ پولیس کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا،پولیس کو مزید فنڈز کی ضرورت ہے۔ ۔ اسلام آباد میں جرائم میں 30 فیصد کمی آئی ہے،وفاقی دارالحکومت کو سیف سٹی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کو مزید بہتر بنایا جائےگا۔فرانزک لیب بھی بنائی جائےگی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینا، مارگلہ اور میریٹ کے سوا تمام ناکے ختم کئے جائیں گے، پولیس کو پٹرولنگ کے لئے مزید گاڑیاں دی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے اجازت دی تو سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے کرائیں گے۔ اس سے ووٹوں کی خرید و فروخت اور دھاندلی ختم ہو گی اور شفافیت آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کل نادرا کا دورہ کروں گا اور ایسا نظام بنائیں گے کہ پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی عزت ہو، دیگر ممالک میں قید پاکستانی شہریوں کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پولیس لائنز ہیڈکواٹرز پہنچے جہاں انہوں نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر یہ وفاقی وزیر کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا پہلا دورہ تھا۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو اسلام آباد پولیس کی کارکردگی اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی بریفنگ میں موجود تھے۔