اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کے لئے سینیٹ کے انتخابات شو آف ہینڈز کے ذریعے کروانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی اتحادیوں کی حمایت سے سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے لئے دروازوں کو بند کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم نے مقررہ مدت سے پہلے سینیٹ کے تین انتخابات دیکھے ہیں، آئین کے تحت فروری میں سینیٹ انتخابات کروانے میں کوئی مضحائقہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اتحادیوں کی حمایت سے سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ اپوزیشن بنچوں کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں کو عوامی مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔