اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت جمعہ کو ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ ایوان صدر میں خصوصی تقریب کے علاوہ سرکاری اور نجی سطح پر دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، سول و عسکری قیادت نے خصوصی پیغامات جاری کئے اور جنوبی ایشیا کے عظیم رہنما اور ان کے ساتھیوں کی آزاد مملکت خداداد پاکستان کے لئے عظیم جدوجہد اور …
بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت ملی جوش و جذبہ سےمنایا گیا،پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈ کی کمان سنبھالی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت جمعہ کو ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ ایوان صدر میں خصوصی تقریب کے علاوہ سرکاری اور نجی سطح پر دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، سول و عسکری قیادت نے خصوصی پیغامات جاری کئے اور جنوبی ایشیا کے عظیم رہنما اور ان کے ساتھیوں کی آزاد مملکت خداداد پاکستان کے لئے عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ بانی پاکستان کے 144ویں یوم ولادت کے موقع پر دن کا آغاز ملک اور قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ کراچی میں مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجرجنرل عمر احمد بخاری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اوراس کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ ملٹری اکیڈمی کے دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور بابائے قوم کو سلامی دی۔ سرکاری اور نجی سطح پر قرآن خوانی اور پرچم کشائی کی گئی۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ بابائے قوم کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی۔ سرکاری اور نجی سطح پر تقاریب اور خصوصی پیغامات میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت پر روشنی ڈالنے اور ان کے افکار کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں جن میں جدوجہد آزادی اور تحریک آزادی کے ہیروز کو گل ہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اتحاد، ایمان، تنظیم کے اصولوں کی بنیاد پر وطن عزیز کی بنیاد رکھی جن پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، سول و عسکری قیادت کی طرف سے ان رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے اور وطن عزیز کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار سے روشناس کرایا گیا۔ مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے مزار قائد پر حاضری دی اور برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ قائداعظم محمد علی جناح ایک قانون دان اور سیاستدان تھے جنہوں نے 1913 سے آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی اور ایک طویل جدوجہد کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ ملک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ءکو مملکت خداداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔ جنوبی ایشیا کے عظیم رہنما اور بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی انتھک اور ناقابل فراموش خدمات کو پوری قوم نے خراج تحسین پیش کیا۔ اخبارات، جرائد میں خصوصی ایڈیشن اور مضامین شائع کئے گئے جبکہ ٹیلی ویژن چینلز اور ریڈیو نشریات پر تمام دن بابائے قوم کے افکار، تعلیمات اور فرمودات پر مبنی خصوصی پروگراموں اور نشریات کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے دوسرے رہنمائوں کے مزارات پر بھی قرآن خوانی کی گئی۔








