اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے اپنا مذہبی کرسمس کا تہوار بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان میں گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا، صدر، وزیر اعظم کے علاوہ اہم شخصیات نے خصوصی تہنیتی پیغامات بھی جاری کئے۔ پوری دنیا …
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے اپنا مذہبی تہوار کرسمس جوش و جذبے کے ساتھ منایا

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے اپنا مذہبی کرسمس کا تہوار بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان میں گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا، صدر، وزیر اعظم کے علاوہ اہم شخصیات نے خصوصی تہنیتی پیغامات بھی جاری کئے۔ پوری دنیا میں اس اہم تہوار کی بیشتر تقریبات کوویڈ۔19 کی وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے ڈیجیٹل طور پر منعقد کی گئیں، تاہم ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسیحی برادری نے یہ تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کردار ادا کیا جائے ۔ مسیحی برادری نے کوویڈ۔19کے ایس او پیزکو اپنانے کے ذریعہ سرکاری تقریبات سے لیکر کیک کاٹنے کی تقریبات تک مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ مسیحی عملہ کے اراکین کی خوشیوں میں شریک ہونےکے لئے ہفتہ بھر سے ہی مختلف اداروں میں تقریبات کا سلسلہ جاری تھا جبکہ ایوان صدر، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان ریلویز، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں اوردیگر کئی محکمہ جات میں کرسمس کے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی سروسز کا انعقاد کیا گیا اور مسیحی برادری نے ملک کے امن ، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ جان لیوا وبائی مرض سے نجات اورپوری انسانیت کی حفاظت کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔کرسمس ٹری ، سانٹا کلاز ، کیرولز اور کرسمس کے تحائف جیسی روایات نے بھی اس تہوار کو دلکش بنایا۔ تمام بچوں، بڑوں نے کرسمس ٹری سجانے اور اپنے اہل خانہ اوردوستوں سے اپنی محبت کے اظہارکے لئے کرسمس تحائف کی خریداری میں حصہ لیا اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد پولیس اور ٹریفک پولیس نے کرسمس کے موقع پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے تاکہ امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے کے علاوہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے اور مسیحی برادری کو سہولت دی جا سکے، ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے 162 پولیس اسکواڈ تعینات کئے جنہوں نے گرجا گھروں، شاپنگ مالز ، عوامی مقامات اور بازاروں میں فرائض سرانجام دیئے۔








