سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے،چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے،چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور معاون خصوصی ارباب شہزاد شریک اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے پر پیش رفت پر بریفننگ دی اور دیر چکدرہ موٹروے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے لئے گریٹر سرکلر ریل منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے متعلق میں کمیٹی کو آگاہ کیا۔اسپیکر نے متعلقہ اداروں کے متعلقہ حکام کو سی پیک تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن دے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے صوبے کی عوام کا وسیع تر مفادات وابستہ ہیں ان کی بروقت تکمیل سے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔سپیکر اسد قیصر نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبوں سے صوبے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راشکئی منصوبے کے مکمل ہونے سے اقتصادی ترقی میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔