
اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کیلئے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی عورتوں کے حالات اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کیلئے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔ یہ بات صدر مملکت نے جمعرات کو ایوان صدر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی، جس میں چیئرپرسن نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی اور ادارے کی کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سالوں سے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وسیلہ تعلیم پروگرام جو پرائمری بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کی صورت میں ہے، ایک احسن اقدام ہے۔ اس سے اسکولوں میں بچوں کے پڑھنے کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔