منشیات کی روک تھام کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ سے آئی این ایل ۔ پی کی ڈائریکٹر ڈروتھے نگوٹر کی ملاقات میں گفتگو

55

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ سے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ ۔ پاکستان (آئی این ایل ۔پی)کی ڈائریکٹر ڈروتھے نگوٹر نے بدھ کو یہاں وزارت انسداد منشیات میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے منشیات کی روک تھام کے لئے آئی این ایل کی جانب سے کئے جانے والے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، نئی حکمت عملی کے تحت منشیات کی ڈیمانڈ کم کرنے کے سلسلے میں کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی این ایل نے منشیات کی ڈیمانڈ کم کرنے کےلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی این ایل کی جانب سے ٹریننگ اور بہتر کارکردگی کے لئے خصوصی تربیتی کورسز کی پیشکش بھی کی گئی۔