کراچی۔16جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم 13 سال سے زائد عرصے کے بعد پاکستان پہنچ گئی،21 کھلاڑیوں پر مشتمل مہمان ٹیم جوہانسبرگ سے ہفتہ کی صبح کراچی پہنچی ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے آفیشلز بھی کراچی پہنچے ہیں،جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی کھیلے جائے گی، سیریز سے قبل مہمان کھلاڑیوں کاکورونا ٹیسٹ لیا جائے گا اور نتیجہ آنے تک وہ قرنطینہ کریں گے، کورونا ٹیسٹ کلیئر کرنے والے کھلاڑی (آج) اتوار سے ٹریننگ کرسکیں گے، جنوبی افریقہ ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 4 فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔