وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

44

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حکومت کی کارکردگی شاندار اور حیرت انگیز ہے کیونکہ میکرو معاشی اشارے مثبت سمت گامزن ہیں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری غیر ملکی قرضے لے کر مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے ملکی معیشت بہت کمزور کی، پی ٹی آئی حکومت میں معاشی نمو میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے مہنگائی اور غربت کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کا کامیابی سے مقابلہ کرکے اس پر قابو پایا جس کا اعتراف دنیا بھر کے ممالک نے کیا ہے۔