مقبوضہ کشمیر:میں مسلسل 93ویںروز بھی کرفیوکا سلسلہ جاری

142

سرینگر۔09 اکتوبر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے اتوار کو مسلسل 93ویں روزبھی سرینگر اور دیگر قصبوں میں کرفیو اور دیگر پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ کم عمر لڑکے جنید احمد کی شہادت پر بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر میں کرفیو اور پابندیوں کا سلسلہ مزید سخت کر دیا گیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 12سالہ جنید احمد جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے سعدہ پورہ میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو ا تھا۔ جنید کے سر میں پیلٹ لگے تھے اور وہ ہفتے کی صبح سرینگر کے صورہ ہسپتال میں چل بسا۔ دریں اثناءبھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کیخلاف آج مسلسل 93روز بھی مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے ۔ دکانیں، پٹرول پمپ، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔