وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی منصوبہ پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم

102
الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں کو متحرک کرنے کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کیے ہیں، امین اسلم

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستان نے دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے قدرتی راستہ دکھایا ہے، وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی منصوبہ پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، سعودی عرب سے پہلے برطانیہ اور نیوزی لینڈ بھی پاکستان کو دیکھ کر بلین ٹری سونامی شروع کر چکے ہیں۔

پیر کو پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آنے والی نسلوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے بلین ٹری سونامی کا تاریخی اقدام اٹھایا ہے جس کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان نے موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے صرف زبانی باتیں نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھا کر دکھائے ہیں، کورونا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے باوجود اس مہم پر کام جاری ہے، ورلڈ بینک اور اے ڈی پی نےبھی اس منصوبے کی تعریف کی ہے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ سعودی عرب کا گرین منصوبے کا اقدام خوش آئند ہے اور وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کو اپنا تجربہ شیئر کرنے کی پیشکش کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی شعبے پر تعاون کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورمز اور اقوام متحدہ بھی پاکستان کے ماحولیاتی شعبے کے اندر مثبت کردار کا اعتراف کر چکے ہیں اور اسی وجہ سے اقوام متحدہ نے پاکستان کو رواں سال 5 جون کو ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے کیلئے میزبان چنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ شیری رحمان کے ٹوئیٹس مضحکہ خیز ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں وزارت ماحولیات کا بجٹ 15 کروڑ جبکہ ن لیگ کے دور میں 30 کروڑ تھا، تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے سال بجٹ بڑھا کر ساڑھے سات ارب کیا تاہم رواں مالی سال کے لئے ہمیں 10 ارب روپے کا بجٹ ملاہے ۔