وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصو صی اقدامات اسد عمر کا میرا سمبل جعفر اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کیمپ کا دورہ

61

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصؤصی اقدامات اسد عمر نے میرا سمبل جعفر اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کیمپ کا دورہ کیا، اور بزرگ شہریوں کو انسداد کرونا ویکسین لگانے کے عمل کا مشاہدہ کیا ، انہوں نے شہریوں سے عملہ کے رویہ اور ویکسینیشن کے بارے میں تاثرات لئے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے ویکسی نیشن کیمپ کے انتظامات دیکھتے ہوئے ویکسینشن کیمپ پر بہترین انتظامات کرنے پر اسلام آباد انتظامیہ اور قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی ٹیم کی خدمات کو سراہا ۔

انھوں نے کہا کہ تمام شہریوں کو بہترین معیار کی کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے ، عوام کو چاہئے کہ حکومت کی جانب سے دی گئی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی باری پر ویکسینشن لگائیں، ایسا کرنے سے ہی انشاء اللہ پاکستانی قوم جلد اس وباء سے جان چھڑوالیں گے۔

انھوں نے عوام سے خاص تاکید کی کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں اور خاص طور پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں ۔ شہریوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کو بہترین انتظامات کرنے پر دعائیں دیں اور اطمینان کا اظہار کیا۔