اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) نے فیصلہ کیا ہے کہ 8فیصد یا اس سے زیادہ کرونا کیسز والے اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔
اتوار کے روز این سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور تمام صوبائی وزراء برائے صحت و تعلیم نے شرکت کی ۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ملک بھر کے جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 8فیصد یا اس سے اوپر ہے وہاں پر تمام تعلیمی ادارے بشمول جامعات ، مدارس اور ٹیوشن سنٹر بند رہیں گے ۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نہم سے بارہویں جماعت کی کلاسز 19اپریل سے شروع ہوں گی تاکہ بورڈ کے امتحانات کے علاوہ اے او راو لیول کے امتحانات کی تیار ی کی جاسکے اور یہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوسکیں ۔