اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ جمعرات کو فلسطین کے صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر سےفلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے مسجد اقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر حملوں اور غزہ میں اسرائیل کی طرف سے مہلک فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق ہوگئے۔وزیر اعظم نے فلسطینی صدر کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی اس طرح کی خلاف ورزیوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے بحرانی صورتحال کے دوران پاکستان کی قیادت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی قیادت کے ردعمل اور اس کے بیانات کی تعریف کی جو غزہ اور مسجد اقصی میں اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے جاری صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔