اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو پرتگال کے ساتھ تجارت ، ثقافت اور تعلیم کے شعبے میں تعلقات استوار کرنے کا کہہ دیا گیا ہے‘پرتگال میں ایک ملین پاکستانیوں کی گنجائش موجود ہے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کو بے پناہ فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پرتگال میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران کیا ۔
سپیکر نے کہا کہ میں اپنے پرتگال میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھائیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سمندر پار پاکستانی دن رات محنت کر کے زرمبادلہ پاکستان بجھواتے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ تارکین وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ گزشتہ سالوں میں پرتگال میں مقیم تحریک انصاف کے کارکنان کی پاکستان کمیونٹی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رحم دین اور نور حیات کے ھمراہ کمیونٹی کے ممبران اور راہنماؤں نے جو مسائل اجاگر کیے ہیں ان کے حل کے لیے حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں ۔مسئلہ کشمیر کو پرتگال کی پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر اجاگر کیا گیا ۔
برما اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی آواز بلند کی گئی ہے پرتگال میں مقیم تارکین وطن کی خدمات پر قابل ستائش ھیں،اسد قیصر نے کہا کہ مجھے پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اقدامات کیے ہیں ان میں ووٹ کا حق دیا اہم قدم ہے۔ آن لائن روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے پاکستانی اوور سیز سرمایہ کاری بھی کرسکتے ہیں اور انہیں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے اپنے عزیزوں کے لیے گاڑیاں خریدنے کی سہولت بھی مہیا کی گئ ہے۔
وزیراعظم پورٹل برائے اوور سیز کا قیام حکومت کا اہم اقدام ہے اس کے ذریعےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جو مشکل بھی پیش آئے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانون پاس کریں گے کہ کوئی بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمین اور پلاٹ پر قبضہ نہیں کر سکے گا ۔ حکومت کا سب سے اہم مقصد اوورسیز پاکستانی کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق دینا ہے۔حکومت پاکستان جلد ہی پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوہری شہریت کا نوٹیفکیشن جاری کر رہی ہے۔