اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں بدانتظامی بالخصوص امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش سے آگاہ کیا ہے،
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو سندھ کا دورہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے سندھ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، دونوں اکابرین نے وزیراعظم کو سندھ کی انتظامی بدانتظامی اور خصوصاً امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔
ان معلومات پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔ وزیر داخلہ اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔