وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں طے ہواہے کہ وفاق اور صوبہ ڈاکوئوں سے ملکرنمٹیں گے، وزیراعلی سندھ چاہیں تو پورے سندھ میں رینجرزکوتعینات کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی پریس کانفرنس

60
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں طے ہواہے کہ وفاق اور صوبہ ڈاکوئوں سے ملکرنمٹیں گے، وزیراعلی سندھ چاہیں تو پورے سندھ میں رینجرزکوتعینات کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی پریس کانفرنس

کراچی۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں طے ہواہے کہ وفاق اور صوبہ ڈاکوئوں سے ملکرنمٹیں گے، وزیراعلی سندھ چاہیں تو پورے سندھ میں رینجرزکوتعینات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی آیاہوں اور اندرون سندھ کے کچھ علاقوں میں ڈاکوئوں کے حوالے سےوزیراعلیٰ سندھ سے گفت و شنید ہوئی ہے، امن صوبے اور مرکزکا مشترکہ مسئلہ ہے اور وفاق صوبہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ کراچی کا مقصد وزیراعظم کو موجودہ صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور متعلقہ اداروں بشمول رینجرز اور پولیس کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے سندھ میں گورنرراج کے نفاذ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق امن و امان کی بحالی کے لئے سندھ حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی کیونکہ امن و امان 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبائی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا امن صوبہ اور وفاق کا مشترکہ مقصد ہے،رینجرز کچے کے علاقے سے ڈکیتوں کے خاتمے کے لئے پولیس کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی،ڈکیتوں کے خلاف دہشت گردی، اغواء برائے تاوان اور قتل و غارت کے مقدمے درج کئے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کچے کے علاقے میں پچھلاآپریشن بھرپور منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میری گورنر سندھ اور پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے اراکین سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکوئوں کے خلاف دہشت گردی کی وفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، ڈاکوئوں کا سندھ سے خاتمہ کیاجائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز الرٹ ہے اور رینجرز اور پولیس کو اسلحہ دینے کے لیے تیار ہیں، سندھ پولیس کو جو اسلحہ درکار ہے وہ ہم دینے کے لئے تیار ہیں۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے کہاہے کہ ڈی آئی جیز اور دیگرافسران کو تبدیل کیاہے تاکہ معاملات سے مذید بہتر طریقے سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو صوبائی حکومت دیکھ رہی ہے، سندھ میں گورنرراج کی باتیں بلکل غلط ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے پانچ سالہ دور میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اورعمران خان اور پی ٹی آئی آئندہ انتخابات جیتنے کے لئے بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے قانون سازی کی جارہی ہے جو کہ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرا چی میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور موجودہ صورتحال میں آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ نادرا کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی