ایک لاکھ 20 ہزار رضاکارکلین گرین پاکستان چیمپئنز کی حیثیت سے رجسٹرڈ

82
ایک لاکھ 20 ہزار رضاکارکلین گرین پاکستان چیمپئنز کی حیثیت سے رجسٹرڈ

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):پاکستان کو صاف و سرسبز ملک بنانے کی حکومتی کوششوں میں شہریوں کی شمولیت کے پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار رضاکاروں کو کلین گرین پاکستان چیمپئنز کی حیثیت سے رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق صاف و سرسبز پاکستان تحریک میں شہریوں کی شمولیت کے لیے رضاکارانہ خدمات کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ کلین گرین پاکستان چیمپئنز اپنی مدد آپ کے تحت صاف و سرسبز پاکستان انڈیکس کے مطابق بنیادی خدمات کی فراہمی میں معاونت فراہم کریں گے۔ اس پروگرام میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے ان آبادیوں کے لئے رہنمائی فراہم کرنا بھی شامل کیا گیا ہے جہاں عام رسائی نہیں ہے۔

اس پروگرام کو صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مخصوص اضلاع میں صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور حفظان صحت کے کاموں کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے از سرِ نو ترتیب دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ستمبر 2019 میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے کلین گرین پاکستان انڈیکس کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد انہوں نے صاف و سرسبز پاکستان تحریک کے تحت پہلے رضاکار کی حیثیت سے خود کو رجسٹر کرایا تھا۔ کلین گرین پاکستان انڈیکس پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پنجاب کے 12 اضلاع میں متعارف کرایا گیا جن میں ملتان، گوجرانولہ، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، گجرات، سیالکوٹ، اٹک اور مری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے سات اضلاع میں بھی کلین گرین پاکستان انڈیکس متعارف کرایا گیا۔ ان شہروں میں پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔ پروگرام کے تحت شہروں میں صفائی ستھرائی اور سبز رقبے کے فروغ کے لئے باضابطہ مقابلے کا تصور بھی پیش کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لئے صاف اور سر سبز ماحول کے متعلق 35 اشاریے ترتیب دیئے گئے ہیں جن کی روشنی میں صفائی ستھرائی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، حفظان صحت اور سر سبز ماحول کے معیارات کی بنیاد پر شہروں کی درجہ بندی کا اہتمام کیا گیا ہے۔