اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برنارڈ شلیگ ہیک نے ملاقات کی،
ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علی امین گنڈاپورنے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ،
عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرائم سے روکے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے ،حکومت نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کی حفاظت اور سلامتی کے لئے 3 ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا ہے،آزاد کشمیر کی پوری آبادی کو ہیلتھ کارڈ مہیا کیے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے 370 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں،میگا ترقیاتی پیکج گلگت بلتستان کی معاشی خوشحالی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔جرمن سفیر نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اہم ثابت ہوں گے،جرمن حکومت گلگت بلتستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں تعاون کر رہی ہے۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں ہائیڈرو بجلی کی پیداوار کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی کی حکومت گلگت بلتستان کے اقتصادی اور سماجی شعبے میں مزید تعاون کے لئے تیار ہے۔وزیر امورکشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں،حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے