ابوظہبی ۔17جون (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی، 248 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 232 رنز بنا سکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے ناقابل شکست سنچری سکور کی، شعیب ملک کی 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز بھی پشاور زلمی کو …
پی ایس ایل۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی، عثمان خواجہ کی شاندار سنچری

مزید خبریں
ابوظہبی ۔17جون (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی، 248 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 232 رنز بنا سکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے ناقابل شکست سنچری سکور کی، شعیب ملک کی 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز بھی پشاور زلمی کو شکست سے نہ بچا سکی، عثمان خواجہ کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعرات کو ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 26ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی طرف سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے کیا۔ دونوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 98 رنز بنائے۔
سٹار بلے باز کولن منرو نے 28 بالوں پر 48 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ریگولر کپتان شاداب خان کی جگہ ٹیم کی قیادت کرنے والے عثمان خواجہ نے ناقابل شکست سنچری سکور کرکے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل فراہم کرنے میں ٹیم کی مدد کی۔ انہوں نے 56 بالوں پر 105 رنز بنائے جن میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں۔ آصف علی 5 چھکوں کی مدد سے 14 بالوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ برینڈن کنگ 22 بالوں پر 46 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
پشاور زلمی کی طرف سے ثمین گل اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 248 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا پائی۔ پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا گزشتہ میچ کے ہیرو حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ سینئر کھلاڑی شعیب ملک نے 36 بالوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
شعیب ملک کے آئوٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کی فتح کی امیدیں دم توڑی گئیں۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ شرفانے رودرفورڈ نے 29 رنز بنائے جبکہ کپتان وہاب ریاض 28 اور عمائد آصف 20 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حسین طلعت نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی۔ عثمان خواجہ کو شانداری سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ کے بعد پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹاپ پوزیشن پر آگئی جبکہ پشاور زلمی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔








